قصور (بیورو چیف: طارق نوید سندھو)الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج چک نمبر 17، تحصیل چونیاں، ضلع قصور میں سالانہ رزلٹ کی ایک پروقار اور شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں لاہور سے چائنیز یونیورسٹی کے کنسلٹنٹ سر عمر بشیر اور ان کی ٹیم، میڈم کائنات، میڈم عروج اور میڈم ثمرہ نے خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معزز مہمانوں نے پرنسپل و ڈائریکٹر الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج سر کاشف ندیم کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس انداز میں اس ادارے میں جدید دور کے تقاضوں کے مطابق آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جا رہی ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ الظفرہ ہائی سکول کے تمام طلبہ کو کمپیوٹر کی تعلیم بالکل مفت فراہم کی جا رہی ہے، جو اس علاقے کے لیے ایک بڑی تعلیمی سہولت ہے۔
اس موقع پر علاقے کے چیئرمین ہارون خان، علاقہ معززین، والدین اور دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی اور اس بات پر اتفاق کیا کہ الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج علاقے کا نہ صرف خوبصورت بلکہ اعلیٰ معیار کا تعلیمی ادارہ ہے، جہاں بچوں کو بہترین تعلیمی ماحول میسر ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سر تصور ارشد نے کہا کہ ہم پرنسپل و ڈائریکٹر سر کاشف ندیم کی بیٹیوں کی تعلیم کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الظفرہ ہائی سکول اینڈ گرلز کالج علاقے اور گردونواح کی بچیوں کے لیے ایک مکمل، محفوظ اور معیاری تعلیمی ادارہ ہے، جہاں اعلیٰ تعلیم یافتہ فی میل اسٹاف بچیوں کی تعلیمی و اخلاقی تربیت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ شرکاء نے ادارے کی تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کی مزید کامیابیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
