Baaghi TV

چترال میں امریکی شکاری کا کشمیری مارخور کا کامیاب ٹرافی شکار

chitral

چترال میں ایک امریکی شکاری نے وائلڈ لائف ڈیپارٹمنٹ کی سخت نگرانی میں نایاب کشمیری مارخور کا کامیاب ٹرافی شکار کرلیا۔ یہ شکار حکومتِ خیبر پختونخوا کے منظور شدہ ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی معاشی بہتری ہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق امریکی شکاری نے کشمیری مارخور کے شکار کے لیے ٹرافی ہنٹنگ پرمٹ 2 لاکھ 70 ہزار امریکی ڈالر میں حاصل کیا، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 7 کروڑ 56 لاکھ روپے بنتی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ رقم نہ صرف وائلڈ لائف کے تحفظ بلکہ مقامی سطح پر ترقیاتی کاموں میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔محکمہ وائلڈ لائف نے بتایا کہ شکار کیا جانے والا کشمیری مارخور انتہائی خوبصورت اور صحت مند تھا، جس کے سینگوں کی لمبائی 52 انچ تھی۔ ماہر شکاری نے اسے تقریباً 510 میٹر کے فاصلے سے نشانہ بنایا۔ شکار کے دوران سیکیورٹی اور نگرانی کے تمام تقاضے پورے کیے گئے اور وائلڈ لائف اہلکار موقع پر موجود رہے۔

محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق امریکی شکاری نے سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ حکام نے مزید بتایا کہ ٹرافی ہنٹنگ سے حاصل ہونے والی مجموعی رقم کا 80 فیصد مقامی کمیونٹی کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا، جس میں تعلیم، صحت، بنیادی سہولیات اور مقامی ترقیاتی منصوبے شامل ہیں۔ماہرین کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی بدولت نہ صرف نایاب جنگلی حیات کے تحفظ میں مدد ملتی ہے بلکہ مقامی افراد کو مالی فوائد حاصل ہونے کے باعث وہ غیر قانونی شکار کی حوصلہ شکنی بھی کرتے ہیں۔ چترال اور اس کے گردونواح میں یہ پروگرام مارخور جیسے نایاب جانور کی تعداد میں اضافے کا باعث بنا ہے، جسے پاکستان کا قومی جانور ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی ٹرافی ہنٹنگ کے ایسے شفاف اور منظم پروگرام جاری رکھے جائیں گے تاکہ جنگلی حیات کے تحفظ کے ساتھ ساتھ مقامی آبادی کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکے۔

More posts