Baaghi TV

بیرسٹر محمد علی سیف کی چیف سیکرٹری کی تقرری پر وفاقی حکومت پر تنقید

خیبرپختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے چیف سیکرٹری کی تقرری کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کو اپنے فیصلوں پر جوابدہ ہونا چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ صوبائی حکومت کا استحقاق ہے کہ وہ اپنی پسند کی ٹیم رکھے جس میں چیف سیکرٹری بھی شامل ہیں۔چیف سیکریٹری کی تقرری پر ردعمل کے جواب میں بیرسٹر سیف نے سوال کیا کہ خیبرپختونخوا کو اپنے چیف سیکریٹری کے انتخاب کی خود مختاری کیوں نہیں دی گئی، خاص طور پر جب پنجاب، سندھ اور بلوچستان کو اپنی ترجیحات کے مطابق چیف سیکریٹریز کی تقرری کی اجازت دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے موجودہ چیف سیکرٹری اچھے اور قابل بیوروکریٹ ہیں، ہمیں کوئی ذاتی اختلاف نہیں لیکن خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت ہے، افسران بھی اپنی مرضی کے لگانا چاہتے ہیں۔ڈاکٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت ہم نے ان افسران کے ذریعے ہی چلانی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے وزیر اعظم سے ملاقات میں بھی چیف سیکرٹری کی تعیناتی پر بات کی تھی لیکن پھر بھی معاملہ کو متنازع بناکر سیاسی طور اچھالا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری کی تعیناتی میں تاخیر کرکے وفاق ہمیں تنگ کر رہا ہے، وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آیا ہے۔بیرسٹر سیف نے کہا کہ وفاق سے باہر کا نہیں بلکہ اپنے ہی ملک کا بیوروکریٹ مانگ رہے ہیں۔

More posts