Baaghi TV

پمز نرسری میں بچے کی جان بچانے والی نرس کیلئے چینی کمپنی کا بڑا اعلان

اسلام آباد: پمز اسپتال کی نرسری میں آتشزدگی کے دوران نومولود بچے کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین کو بہادری اور فرض شناسی پر چینی کمپنی کی جانب سے 10 لاکھ روپے کا انعام دے دیا گیا۔

چینی کمپنی کی چیئرپرسن یان جن نے نرس رضیہ نورین کو 10 لاکھ روپے کا چیک پیش کیا اور مشکل اور خطرناک صورتحال میں نومولود کی جان بچانے پر ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر یان جن نے کہا کہ ایک جان بچانا پوری انسانیت کی جان بچانے کے مترادف ہے۔ رضیہ نورین نے مشکل اور خطرناک صورتحال میں اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نومولود کی جان بچائی اور اپنی جان کی پروا کیے بغیر فرض شناسی کی بہترین مثال قائم کی۔

اس سے قبل 3 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف سے بھی پمز آتشزدگی کے دوران اپنی جان خطرے میں ڈال کر نومولود کی جان بچانے والی نرس رضیہ نورین نے ملاقات کی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کے دوران نرس رضیہ نورین کی بہادری، ہمت اور فرض شناسی کو سراہتے ہوئے انہیں ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، جبکہ 23 مارچ کو تمغۂ خدمت دینے کا اعلان بھی کیا تھا۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم نے رضیہ نورین کی بہادری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ قوم ان کی ہمت اور جذبے کی معترف ہے۔ مشکل اور خطرناک حالات میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کی زندگی بچانا ایک عظیم عمل ہے۔

خیال رہے کہ پمز اسپتال میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعے کے دوران اسپتال کی نرسری میں آگ لگنے سے دھواں پھیل گیا تھا، جس کے نتیجے میں 14 بچے جاں بحق ہوگئے تھے۔

آتشزدگی کے وقت نرس رضیہ نورین نے اپنی جان کی پروا کیے بغیر نومولود کو محفوظ مقام تک پہنچانے کے لیے غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا۔ آگ اور دھویں کے باوجود نومولود کی جان بچانے کے لیے رضیہ نورین کی کوشش نے انہیں قومی سطح پر پذیرائی دلائی۔

جس وقت اسپتال میں آگ پھیلی، اس وقت نرسری کے انکیوبیٹرز میں 15 بچے موجود تھے، تاہم نرس رضیہ نورین ایک بچے کو بچانے میں کامیاب رہیں۔

More posts