کراچی کے علاقے باغِ جناح اور نمائش چورنگی پر پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان اور پولیس کے درمیان کشیدگی دیکھنے میں آئی، جہاں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا جبکہ پولیس نے صورتحال قابو میں لانے کے لیے شیلنگ کی۔ واقعے کے دوران کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
نمائش چورنگی کے قریب باغِ جناح میں مظاہرین کی جانب سے پولیس موبائل پر پتھراؤ کی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے، جس میں مشتعل افراد کو گاڑی روک کر پتھراؤ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی گئی۔
پولیس کے مطابق اب تک 30 پی ٹی آئی کارکنان کو حراست میں لیا جا چکا ہے جبکہ مظاہرین کے تشدد سے ایک پولیس اہلکار زخمی بھی ہوا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کراچی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کچھ دیر بعد مزارِ قائد پہنچیں گے۔ پی ٹی آئی کے جلسے کے پیشِ نظر مزارِ قائد اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ٹریفک صورتحال کے حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پیپلز چورنگی سے مزارِ قائد آنے والی سڑک کا ایک ٹریک جبکہ خداداد کالونی سے آنے والی سڑک کے دونوں ٹریک بند کر دیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ گرومندر سے نمائش سگنل تک جانے والی سڑک بھی بند ہے، جس کے باعث شہریوں کو متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس میں جھڑپ، پتھراؤ اور شیلنگ، متعدد کارکن حراست میں
