Baaghi TV

کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کی نیول چیف سے ملاقات

کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کی نیول چیف سے ملاقات

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق کمانڈر رائل بحرین نیول فورس ریئر ایڈمرل محمد یوسف العاصم نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا، پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ معزز مہمان کو روایتی انداز میں گارڈ آ ف آنر پیش کیا گیا اور معزز مہمان کا پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے تعارف کرایا گیا۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق کمانڈر رائل بحرین نیول فورس نے پاک بحریہ کے سربراہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بشمول دونوں ملکوں کی بحری افواج کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سربراہ پاک بحریہ نے خطے میں سمندری سلامتی اور امن کو یقینی بنانے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار پر روشنی ڈالی۔ بعدازاں معزز مہمان کو بریفنگ دی گئی اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر پاکستانی موقف سے آگاہ کیا گیا ۔

پاک بحریہ کے ترجمان کے مطابق معزز مہمان نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ کمانڈر رائل بحرین نیول فورس کے دورے سے دونوں ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔

More posts