اسلام آباد : سوشل میڈیا رولز پر مشاورت کیلئے وزیر اعظم کی ہدایت پر کمیٹی تشکیل،اطلاعات کےمطابق پاکستان میں سوشل میڈیا کوحکومتی کنٹرول میں لانے کے حوالے سے حکومتی کوششیں جاری ہیں ، اس حوالے سے آج وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے سوشل میڈیا رولز پر مشاورت کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔
سوشل رولز پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے لیے کمیٹی وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر تشکیل دی گئی جس کے سربراہ چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) عامر عظیم باجوہ ہوں گے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری وزارت آئی ٹی اعزاز اسلم ڈار بھی اس میں شامل ہیں۔
کمیٹی میں وزیر اعظم کی اسٹریٹیجک ریفارمز یونٹ کی رکن تانیہ اندروس اور وزیر اعظم کے ڈیجیٹل میڈیا پر فوکل پرسن ڈاکٹر ارسلان خالد کو بھی شامل کیا گیا ہے۔کمیٹی تمام فریقین سے وسیع البنیاد مشاورت کرے گی اور دو ماہ میں مشاورت مکمل کرکے رپورٹ دے گی۔
مشاورت کے عمل میں وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری اور بیرسٹر علی ظفر کو بھی شامل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ملک میں سوشل میڈیا کو کنٹرول کرنے کے قواعد و ضوابط کی منظوری دی تھی۔
