حیران کن آن لائن خریداری کا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں شہری کو معروف برانڈ "ماریا بی” سے آن لائن کپڑے خریدنے کے بعد آٹے کی بوری موصول ہوئی۔
درخواست گزار نے کنزیومر کورٹ میں موقف اختیار کیا کہ یکم دسمبر کو اس نے "ماریا بی” سے 55 ہزار روپے سے زائد کے کپڑے آرڈر کیے، جو 4 دسمبر کو نجی کورئیر کمپنی کے ذریعے ڈیلیور کیے گئے۔ لیکن کپڑوں کی بجائے اسے گھر پر آٹے کی بوری ملی، جس پر شہری نے برانڈ سے ای میل اور کسٹمر سپورٹ کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کی، تاہم کوئی جواب نہ ملا۔
عدالتی درخواست میں کہا گیا کہ لیگل نوٹس بھیجنے کے بعد برانڈ نے رابطہ کر کے رقم ریفنڈ کرنے کی یقین دہانی کروائی، لیکن بعد میں رقم کی بجائے واؤچر دینے کی پیشکش کی، جو شہری کے مطابق فراڈ کے زمرے میں آتی ہے۔
شہری نے عدالت سے استدعا کی کہ پچیس فیصد سود کے ساتھ رقم واپس دلائی جائے اور اذیت پہنچانے کے عوض دو لاکھ روپے ہرجانہ بھی دیا جائے۔ عدالت نے دونوں فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 31 جنوری تک جواب جمع کروانے کا حکم دیا۔
مشہور برانڈ کے آن لائن آرڈر میں کپڑوں کی جگہ آٹے کی بوری موصول
