Baaghi TV

ڈیرہ غازی خان: ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی یومِ کشمیر پر یکجہتی ریلی

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی/سٹی رپورٹر)ڈیرہ غازی خان میں ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے یومِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک بھرپور ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت ریجنل منیجر شاہزیب خان اور کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے کی، جبکہ ڈسٹرکٹ منیجر توفیق عادل اور تحصیل منیجر عمر مجتبیٰ لغاری نے خصوصی شرکت کی۔

ریلی کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔ ریلی ڈی سی آفس سے شروع ہو کر کچہری چوک پر اختتام پذیر ہوئی، جہاں شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے حق میں نعرے لگائے اور بھارت کے مظالم کی شدید مذمت کی۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریجنل منیجر ڈائیوو ویسٹ مینجمنٹ شاہزیب خان نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کوئی بھی دشمن اگر اس کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو پوری قوم اسے ہرگز برداشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی میں پوری پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

کوآرڈینیٹر عبداللہ عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم قربانیاں تو دے سکتے ہیں مگر کشمیر پر کوئی سمجھوتہ ممکن نہیں۔ انہوں نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے ناپاک عزائم ترک کرے اور کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت فراہم کرے۔

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیر کی مکمل آزادی تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی اور کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔

More posts