Baaghi TV

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کیا

ڈیرہ غازی خان (باغی ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ڈیرہ غازی خان کے گورنمنٹ پرائمری سکول ایم سی1 کا دورہ کیا اور پنجاب میں ملک کے پہلے اور سب سے بڑے سکول نیوٹریشن پروگرام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر، وزیراعلیٰ نے سکول کے ہر کلاس روم میں جا کر بچوں کو دودھ کے پیکٹ خود دیے اور ان کی نگرانی کی۔

مریم نواز شریف نے بچوں کے نام پوچھے اور ان کی تعریف کی۔ وہ سکول کے طلبہ کے درمیان جا کر بیٹھ گئیں اور ان کی صحت اور تعلیم کے بارے میں دریافت کیا، خاص طور پر پڑھائی میں درپیش مسائل کے بارے میں پوچھا۔ ایک اداس طالب علم نے اپنے والد کی بے روزگاری کا ذکر کیا، جس پر وزیراعلیٰ نے طالب علم کے والد کو روزگار فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ "چیف منسٹر سکول نیوٹریشن پروگرام” کا پائلٹ پروجیکٹ جنوبی پنجاب کے تین اضلاع ڈیرہ غازی خان، راجن پور، اور مظفر گڑھ سے شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت غذائی قلت کے شکار 4 لاکھ سے زائد طلبہ کو روزانہ 175 ملی لیٹر دودھ کا پیک فراہم کیا جائے گا۔ بچے دودھ کے خالی پیکٹ سکول میں جمع کرائیں گے، جن کی ری سائیکلنگ سے حاصل شدہ آمدن متعلقہ سکول پر ہی خرچ کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس موقع پر طلبہ کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور آٹوگراف دیے۔ تقریب میں صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بھی خطاب کیا۔

وزیراعلیٰ کی کمشنر آفس آمد پر باڈر ملٹری پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ اس موقع پر سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، ایم پی اے حنیف پتافی، ثانیہ عاشق، نوشین عدنان، شیر علی گورچانی، معاون خصوصی ذیشان ملک، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان، سیکرٹری سکولز، کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر، آر پی او سجاد حسن خان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

More posts