آج کا انسان فیکٹریوں کے دھوئیں، گاڑیوں کے شور اور گندے پانی کی آلودگی سے تو کسی حد تک آگاہ ہے،اس کے حل کے لیے باقاعدہ حکومتی سطح پر تمام دنیا کاوشیں کر رہی ہے۔ مگر ایک ایسی آلودگی بھی ہے جو نہ دکھائی دیتی ہے، نہ سونگھی جا سکتی ہے اور نہ چکھی جا سکتی ہے۔ یہ پراسرار آلودگی تیزی سے پھیل چکی ہے اور انسانی صحت کے لیے زہر ہے۔ اس کے اثرات کہیں زیادہ گہرے، تیز اور سے تباہ کن ہیں۔ اس آلودگی کا نام ہے ڈیجیٹل آلودگی۔
یہ آلودگی اس وقت پیدا ہوتی ہے جب معلومات، ویڈیوز، نوٹیفکیشنز اور سوشل میڈیا فیڈز کی یلغار انسانی دماغ کی قدرتی حد سے تجاوز کر جاتی ہے۔ بظاہر یہ سب “معلومات” ہیں، مگر حقیقت میں ان کا بڑا حصہ ذہنی شور (mental noise) ہے جو سکون، توجہ اور فیصلہ سازی کو کھوکھلا کر رہا ہوتا ہے۔یہ شور انسانی اعصاب کو توڑ دیتا ہے۔ ڈپریشن اس کے پہلے اثرات میں سے ایک ہے۔ خود سوچیں کہ شدید اثرات میں کیا کچھ ہوگا
سوشل میڈیا کا بے جا استعمال اس بحران کی بنیاد ہے۔ ایک عام فرد روزانہ گھنٹوں اسکرین پر صرف کرتا ہے، جہاں اس کا دماغ بغیر وقفے کے نئے سے نئے پیغامات، تصاویر اور تحاریر وصول کرتا رہتا ہے۔ یہ مسلسل اسکرولنگ وقتی خوشی دیتی ہے، مگر تحقیق کے مطابق یہ توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو کمزور اور دماغ کو منتشر کر دیتی ہے۔
اس کے ساتھ ایک اور خطرناک عنصر ڈس انفارمیشن (جان بوجھ کر پھیلائی گئی جھوٹی معلومات) اور مس انفارمیشن (غلط مگر غیر ارادی معلومات) ہے۔ سوشل میڈیا نے ان دونوں کو اس رفتار اور وسعت کے ساتھ پھیلایا ہے کہ سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ نتیجتاً ذہنی الجھن، بے اعتمادی اور سماجی تقسیم میں اضافہ ہو رہا ہے۔
ماہرین اس صورتحال کو “انفارمیشن اوورلوڈ” کہتے ہیں۔یعنی معلومات کا ایسا سیلاب جسے انسانی دماغ مؤثر طریقے سے پراسیس نہیں کر سکتا۔ اس کا نتیجہ ذہنی تھکن، بے چینی، چڑچڑاپن اور کمزور فیصلہ سازی کی صورت میں نکلتا ہے۔بات یہیں تک محدود نہیں بلکہ مختصر ویڈیوز کا جال دماغ کے ساتھ کیا کر رہا ہے یہ بھی جانئے۔ٹک ٹاک اور یوٹیوب ریلس نے اس ڈیجیٹل آلودگی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ نیوروسائنس کے مطابق یہ مختصر ویڈیوز دماغ کے ڈوپامین سسٹم کو بار بار متحرک کرتی ہیں، جس سے فوری تسکین کی لت پیدا ہوتی ہے۔ نتیجتاً دماغ ، سنجیدہ اور گہرائی پر مبنی مواد کو برداشت کرنے کی صلاحیت کھونے لگتا ہے۔
اس کا سب سے خطرناک پہلو "ریپیڈ کانٹینٹ سوئچنگ” ہے۔ ایک لمحہ آپ گانا دیکھ رہے ہوتے ہیں، دماغ ابھی اس کے اثرات کا تجزیہ کر رہا ہوتا ہے کہ فوراً مذہبی ریل آ جاتی ہے، پھر مزاحیہ کلپ، اس کے بعد سیاسی بحث، پھر کسی سماجی مسئلے کی جھلک، اور دوبارہ ایک گانا۔تحقیق بتاتی ہے کہ اس طرح کی تیز رفتار تبدیلیاں انسانی دماغ کے لیے تباہ کن ہیں ۔ یعنی دماغ پچھلے مواد سے مکمل طور پر باہر نہیں نکلتا کہ نیا مواد داخل ہو جاتا ہے۔ نتیجتاً نہ کوئی چیز پوری طرح سمجھی جاتی ہے، نہ کوئی احساس مکمل طور پر محسوس ہوتا ہے۔یہ مسلسل ذہنی جھٹکے انسان کو گہرائی سے سوچنے کی صلاحیت سے محروم کر دیتے ہیں۔ سنجیدہ مسائل بھی تفریح بن جاتے ہیں، اور جذباتی توازن بگڑنے لگتا ہے۔ ایک وقت آتا ہے جب دکھ، سانحہ اور حقیقت بھی محض ایک اور ویڈیو محسوس ہونے لگتی ہے۔انسان مردم بیزار اور چڑچڑا ہوجاتا ہے۔ نیند کی کمی اور جسم کے نظر نہ آنے والا نقصان بھی اسی سلسلے کا حصہ ہیں ۔ڈیجیٹل آلودگی صرف دماغ تک محدود نہیں رہتی۔ مسلسل اسکرین کے استعمال سے آنکھوں پر شدید دباؤ پڑتا ہے، جسے ماہرین "ڈیجیٹل آئی اسٹرین” کہتے ہیں،جس میں آنکھوں کی خشکی، دھندلاہٹ اور سر درد شامل ہیں۔
اسی طرح اسکرین سے نکلنے والی روشنی نیند کے قدرتی نظام کو متاثر کرتی ہے، کیونکہ جسم اور دماغ ریسٹ مانگتا ہے لیکن ہم اسے مسلسل ابھی نہیں کا سگنل دے کر اوور ورک کروارہے ہوتے ہیں۔ جس کے باعث بے خوابی، تھکن اور دن بھر کی سستی عام ہو جاتی ہے۔ایک اور خطرناک پہلو وہ ہے جسے لوگ سنجیدگی سے نہیں لیتےڈرائیونگ یا بائیک چلاتے وقت موبائل کا استعمال۔ چند سیکنڈ کی توجہ کی کمی بھی حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ ریسرچ واضح کرتی ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران موبائل استعمال کرنے والا شخص نشے میں ڈرائیونگ کرنے والے کے برابر خطرہ بن جاتا ہے۔جارحانہ ویڈیو گیمز بھی اسی ڈیجیٹل آلودگی کا حصہ ہیں۔ مسلسل پرتشدد مناظر دیکھنے اور کھیلنے سے دماغ میں حساسیت کم ہو سکتی ہے اور ردعمل زیادہ تیز اور غیر متوازن ہو سکتا ہے۔اس کی ایک چونکا دینے والی مثال گزشتہ سال کراچی میں سامنے آئی، جہاں ڈکیتی کے دوران ایک نوجوان نے مزاحمت کرتے ہوئے ڈاکوؤں سے اسلحہ چھین لیا اور مکمل میگزین خالی کر تے ہوئے انہیں قتل کر دیا۔ بعد ازاں انٹرویو میں جب اس سے پوچھا گیا کہ فائر کرتے وقت ہچکچاہٹ نہیں ہوئی، تو اس نے جواب دیا کہ وہ پوری رات ایک شوٹنگ گیم کھیلتا رہا تھا اور اس لمحے اسے یوں لگا جیسے وہ گیم ہی کھیل رہا ہو۔
یہ واقعہ صرف ایک کہانی نہیں بلکہ ایک خطرناک اشارہ ہے کہ ڈیجیٹل دنیا کس حد تک حقیقی رویوں کو متاثر کر سکتی ہے۔
مسئلہ ٹیکنالوجی نہیں، بلکہ اس کا غیر متوازن اور بے شعور استعمال ہے۔ سوشل میڈیا ایک طاقتور ذریعہ ہے۔مگر حد سے زیادہ استعمال اسے زہر بنا دیتا ہے۔ اس کا حل سادہ ہے مگر آسان نہیں کیونکہ ہمارے دماغ اس کے عادی ہیں۔ فوری بہتری کے لیے اسکرین ٹائم محدود کریں۔مواد کا انتخاب شعوری بنائیں سونے سے پہلے اسکرین سے دور رہیں ۔غیر ضروری نوٹیفکیشنز بند کریں اور سب سے بڑھ کر، اپنے دماغ کو وقفہ دیں۔اپنے اردگرد موجود لوگوں اور گھر پر توجہ دیں ۔ ڈیجیٹل دنیا نے ہمیں اپنے پیاروں کے پاس رکھ کر بھی ان سے دور کر دیا ہے۔ اگر ہم نے اس ڈیجیٹل آلودگی کو سنجیدگی سے نہ لیا تو یہ صرف ایک فرد کا مسئلہ نہیں رہے گا بلکہ ایک ایسی اجتماعی بیماری بن جائے گی جو سوچنے، سمجھنے اور محسوس کرنے کی صلاحیت کو دیمک کی طرح کھا جائے گی۔خاموش خطرات ہمیشہ سب سے زیادہ مہلک ہوتے ہیں۔ ڈیجیٹل آلودگی انہی میں سے ایک ہے۔اب تک جو نقصان ہونا تھا ہو چکا لیکن اگر ہم اب بھی واپس پلٹنا چاہیں تو نہ صرف راستہ کھلا ہے بلکہ بہت دیر بھی نہیں ہوئی۔
