غلط فہمی ایک ایسا خاموش زہر ہے جو شور نہیں مچاتا، مگر رشتوں کی بنیادوں کو اندر سے دیمک کی طرح کھا کر کھوکھلا کر دیتا ہے۔ یہ رشتوں کی رگوں میں اتر کر محبت کو بے یقینی میں، اعتماد کو شک میں اور اپنائیت کو اجنبیت میں بدل دیتی ہے۔ یہ دل کی وہ کمزوری ہے جو حقیقت جانے بغیر فیصلے صادر کر دیتی ہے اور سچ کی روشنی کے پہنچنے سے پہلے ہی وہم کے اندھیرے چاروں طرف پھیلا دیتی ہے۔
زندگی میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ ہم دوسروں کے رویوں کی اپنی مرضی سے تعبیر کرنے لگتے ہیں۔ کبھی کسی کی خاموشی ہمیں بے رخی محسوس ہوتی ہے حالانکہ وہ شخص شاید کسی اندرونی طوفان سے نبرد آزما ہو۔ کبھی کسی کی مصروفیت ہمیں نظر انداز کیے جانے کا گمان دیتی ہے حالانکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے بوجھ تلے دبا ہو۔ کبھی کسی کے ایک معمولی سے جملے میں بھی ہمیں اپنے خلاف سازش کا عنصر دکھائی دینے لگتا ہے۔ ہم سوال کرنے کے بجائے فوراً نتیجہ اخذ کر لیتے ہیں، وضاحت سننے کے بجائے الزام کا پتھر پھینک دیتے ہیں اور یوں لفظوں کا ایک چھوٹا سا زخم، برسوں کی دوری کا ناسور بن کر رہ جاتا ہے۔
غلط فہمی کی سب سے بڑی خامی یہ ہے کہ یہ حقیقت سے زیادہ ہمارے اپنے خوف پر یقین کرتی ہے۔ ہم دوسروں کے دل کا حال جانے بغیر ان کے بارے میں کہانیاں گھڑ لیتے ہیں۔ ایک شخص اپنی پریشانی میں خاموش ہو تو ہم اسے مغرور کا درجہ دیتے ہیں۔ کوئی جواب دینے میں دیر کر دے تو ہمیں لگتا ہے کہ وہ بدل گیا ہے۔ کسی کی توجہ بٹ جائے تو ہم سمجھ بیٹھتے ہیں کہ ہماری اہمیت ختم ہو چکی ہے۔ یوں ہم ان فیصلوں کے مصنف بن جاتے ہیں جن کا متن ہم نے کبھی پڑھا ہی نہیں ہوتا۔ رشتے صرف محبت کے دم سے زندہ نہیں رہتے، یہ اعتماد کی آکسیجن سے سانس لیتے ہیں۔ جس گھر میں ہر بات کی تفتیش ہو، ہر خاموشی کا مطلب نکالا جائے اور ہر وضاحت کو بہانہ قرار دے دیا جائے، وہاں محبت بھی تھک کر مردہ ہونے لگتی ہے۔ غلط فہمی دوسرے کو آپ سے دور کرنے سے پہلے آپ کو اپنے ہی سکون سے محروم کر دیتی ہے۔ راتوں کی نیند، دن کا چین، سب ایک وہم کی نذر ہو جاتا ہے۔
رشتوں میں محبت جتنی ضروری ہے، اتنا ہی ضروری ایک دوسرے کو سمجھنے کا حوصلہ بھی ہے۔ ہر بات کا جواب غصے سے نہیں دیا جاتا، ہر خاموشی کا مطلب الزام سے نہیں نکالا جاتا اور ہر اختلاف کا انجام جدائی سے نہیں ہونا چاہیے۔ کبھی کبھی کسی کے دل کا دروازہ کھٹکھٹانے کے لیے بس اتنا کہنا کافی ہوتا ہے کہ؛
"میں شاید کسی غلط فہمی کا شکار ہو گیا تھا بہرحال تم خود بتاؤ، حقیقت کیا ہے؟”
یہ ایک جملہ انا کی دیوار گرا دیتا ہے، شک کے بادل دور کر دیتا ہے اور ٹوٹتے ہوئے رشتے کو پھر سے جوڑ دیتا ہے۔ کیونکہ رشتے قیمتی ہوتے ہیں اور انہیں وہم کی آگ میں جلانے سے بہتر ہے کہ انہیں گفتگو کے پانی سے بجھا کر بچا لیا جائے۔
ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ہر خیال کو حقیقت کا درجہ نہ دیں۔ اگر کسی کے رویے میں تبدیلی محسوس ہو تو پہلا قدم الزام نہیں بلکہ سوال ہونا چاہیے۔ پہلا ردِ عمل خفگی نہیں بلکہ گفتگو ہونی چاہیے۔ فیصلہ سنانے سے پہلے دوسرے کا مؤقف سننا چاہیے۔ ممکن ہے جس بات نے ہمارے دل میں کانٹا چبھویا ہو، اس کے پیچھے کوئی ایسی مجبوری، کوئی ایسا درد چھپا ہو جس سے ہم بالکل بے خبر ہوں۔
حقیقت یہ ہے کہ کوئی ایک شخص مکمل طور پر قصوروار نہیں ہوتا۔ ایک نے بات ادھوری کہی، دوسرے نے مطلب اپنی سوچ کے مطابق نکالا، تیسرے نے اپنی تشریح کا رنگ چڑھا دیا۔ یوں ایک معمولی واقعہ، دلوں میں شکایت کا پہاڑ بن جاتا ہے۔ پھر جب وضاحتیں دی بھی جائیں تو وہ بے اثر لگتی ہیں کیونکہ دل پہلے ہی اپنی عدالت لگا کر فیصلہ سنا چکا ہوتا ہے۔
رشتوں کو غلط فہمی نہیں، حسنِ ظن، صبر اور سچی گفتگو مضبوط بناتی ہے۔ ہم اکثر جن لوگوں کو اپنے شک کی بھینٹ چڑھا دیتے ہیں، وہ دراصل ہمارے خوف کے نہیں، ہماری اپنی غلط فہمیوں کے شکار ہوتے ہیں اور نقصان دونوں طرف کا ہوتا ہے۔ ایک رشتہ ٹوٹتا ہے، اور دوسرا انسان ٹوٹ جاتا ہے۔
یاد رکھیے! ہر خاموشی بے رخی نہیں ہوتی، ہر فاصلے کے پیچھے بے وفائی نہیں ہوتی اور ہر بدلتا ہوا رویہ محبت کے خاتمے کی دلیل نہیں ہوتا۔ کبھی کبھی حقیقت تک پہنچنے کے لیے صرف ایک نرم سوال ہی کافی ہوتا ہے بشرطیکہ سوال کرنے کا حوصلہ ہونا چاہیے۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ آپ بھی اس شاعر کی طرح ہاتھ ملتے رہ جائیں۔
بدگمانیوں کا نشہ اس قدر تیز تھا شازِم
میں سب کچھ ہار چکا تھا ہوش آنے تک
