Baaghi TV

معرکۂ حق کے بعد پاکستانی لڑاکا طیاروں کی عالمی مانگ میں اضافہ، وزیراعظم شہباز شریف


وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معرکۂ حق میں کامیابی کے بعد پاکستان کے لڑاکا طیاروں کی عالمی سطح پر مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور کئی ممالک طیاروں کے حصول کے لیے پاکستان سے رابطے میں ہیں، جس سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔
‎وزیراعظم کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے اعلامیے کے مطابق وزارتِ خزانہ نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری ہونے والے بینک نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر کابینہ کو بریفنگ دی۔ وفاقی کابینہ نے کرنسی نوٹوں کے نئے ڈیزائن پر غور کے لیے کابینہ کمیٹی قائم کر دی۔
‎بریفنگ میں بتایا گیا کہ نئے کرنسی نوٹ جدید عصری تقاضوں کے مطابق ڈیزائن کیے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لیے بین الاقوامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔
‎اجلاس میں پرائیویٹ حج پالیسی 2027 تا 2030 کا مسودہ مزید غور کے لیے حج پالیسی کمیٹی کو بھجوانے کی ہدایت بھی دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے 24 دسمبر 2025 اور اقتصادی رابطہ کمیٹی کے 23 دسمبر 2025 کے اجلاسوں کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
‎وفاقی کابینہ سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کا مکمل صفایا کر کے ہی دم لیں گی۔
‎انہوں نے کہا کہ پاکستان نے قلیل عرصے میں معاشی میدان میں نمایاں پیشرفت کی ہے، معاشی استحکام حاصل کر لیا گیا ہے اور اب ترقی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے ورلڈ لبرٹی فنانشل کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے ملکی معیشت کو فائدہ ہوگا۔

More posts