بین الاقوامی مارکیٹ اور پاکستان میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد صرافہ بازار میں سونے کی قیمت میں ہزاروں روپے کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
صرافہ بازار ایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونا 6 ہزار 500 روپے کمی کے بعد 5 لاکھ 33 ہزار 362 روپے کا ہو گیا ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 5 ہزار 573 روپے کمی کے بعد 4 لاکھ 57 ہزار 271 روپے ہو گئی ہے۔
اسی طرح عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 65 ڈالر کمی کے بعد 5106 ڈالر تک آ گئی ہے۔ چاندی کی قیمت میں بھی کمی دیکھی گئی اور فی تولہ چاندی 37 روپے کمی کے بعد 8 ہزار 894 روپے کی سطح پر آ گئی ہے۔
ماہرین کے مطابق سونا روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے اور عالمی سطح پر سیاسی یا معاشی غیر یقینی صورتحال میں اس کی قیمت میں اتار چڑھاؤ دیکھا جاتا ہے۔ جب سرمایہ کار دیگر اثاثوں کے بارے میں غیر یقینی محسوس کرتے ہیں تو وہ اکثر سونے میں سرمایہ کاری کو ترجیح دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان میں گزشتہ برس سونے کی قیمت کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کی گئی تھی جس کے تحت مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمت انٹرنیشنل ریٹ سے فی اونس تقریباً 20 ڈالر زیادہ مقرر کی جاتی ہے۔
پاکستان اور عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں میں نمایاں کمی
