Baaghi TV

سوشل میڈیا فائر وال منصوبہ ناکام، حکومت اور اپوزیشن آمنے سامنے

firewall

‎پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت کا 40 ارب روپے مالیت کا سوشل میڈیا فائر وال منصوبہ مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے۔
‎اپنے بیان میں انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی نااہلی کے باعث قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ان کے مطابق فائر وال منصوبہ سیاسی مقاصد کے تحت بنایا گیا اور اس کا مقصد بانی پی ٹی آئی کے خلاف کارروائی تھا۔
‎شیخ وقاص اکرم کا کہنا تھا کہ فائر وال کی آزمائش کے دوران ملک بھر میں سوشل میڈیا کی رفتار متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں آئی ٹی سیکٹر، فری لانسرز اور آن لائن کاروبار شدید مشکلات کا شکار رہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس صورتحال کی وجہ سے لاکھوں نوجوان بیرون ملک جانے پر مجبور ہوئے۔
‎دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے منصوبے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اگر 40 ارب روپے کی فائر وال ناکام بھی ہوئی ہے تو اسے دوبارہ بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دوسری بار بھی ناکامی ہوئی تو تیسری بار بھی کوشش کی جائے گی، کیونکہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔
‎رانا ثنااللہ کے مطابق دنیا کے بیشتر ممالک سائبر خطرات سے نمٹنے کیلئے اسی نوعیت کے حفاظتی نظام استعمال کر رہے ہیں، اس لیے پاکستان کو بھی ڈیجیٹل سیکیورٹی مضبوط بنانا ہوگی۔

More posts