لاہور ( )عالمِ اسلام کی ممتاز علمی و قرآنی شخصیت ، بلبل قرآن قاری صہیب احمد میر محمدی کو اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری یونیورسٹی کے لیے باعثِ افتخار ہے۔ ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری ملنا نہ صرف قاری صہیب احمد کی گراں قدر علمی، قرآنی اور دینی خدمات کا اعتراف ہے بلکہ یہ علمی و دینی دنیا کے لیے بھی ایک قابلِ فخر لمحہ ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان اسلامک کونسل کے چئیرمین اور جامعہ سعیدیہ سلفیہ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر حافظ مسعود اظہر نے کیا ۔انھوں نے اپنے تہنیتی بیان میں کہا کہ وطنِ عزیز پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پرگورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی طرف سے قاری صہیب احمد کو گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کے دستِ مبارک سے گورنر ہاس لاہور میں ڈگری عطا کرنے کے لیے خصوصی کانووکیشن کا انعقاد یقینا ایک تاریخی اور یادگار موقع تھا۔جبکہ اس تقریب میں تلاوتِ قرآنِ مجید کی سعادت قاری صہیب احمد میر محمدی کے صاحبزادے کے حصے میں آنا بھی ایک خوبصورت اور روح پرور اتفاق تھا، جس نے تقریب کو چار چاند لگا دیے ۔ قاری صہیب احمد میر محمدی کو یہ ڈگری عطا ہونا دراصل قاری صاحب کے لیے اعزاز سے بڑھ کر اس یونیورسٹی کے لیے اعزاز ہے کہ اسے عالمِ اسلام کی ایک ایسی عظیم علمی و قرآنی شخصیت کی خدمات کا اعتراف کرنے کا موقع ملا، جنہوں نے قرآنِ کریم کی تعلیم، قرات، دعوت اور علمی خدمت کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔قاری صہیب احمد نہ صرف اعلیٰ پائے کے قاری قرآن ہیں بلکہ وہ عالمی مبلغ بھی ہیں ۔ اعزازی ڈگری عطا کیے جانے کی خبر ہم سب کے لیے خوشی ومسرت کا باعث ہے ۔ یہ میری دیرینہ خواہش تھی، میں اس خوبصورت لمحے کا عرصہ دراز سے منتظر تھا۔ آج جب یہ خواہش حقیقت بن کر سامنے آئی تو دل اللہ تعالی کے حضور شکر سے جھک گیاہے ۔ پاکستان اسلامک کونسل کے چیئرمین نے قاری صہیب احمد میر محمدی کو دلی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی علمی و قرآنی خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ اللہ تعالی نے انہیں قرآنِ کریم کی خدمت کے لیے جو صلاحیتیں عطا فرمائی ہیں، وہ یقینا ایک عظیم نعمت اور امتِ مسلمہ کے لیے سرمایہ افتخار ہیں ۔قاری صہیب احمد کی یہ کامیابی دراصل قرآن سے وابستہ ہر فرد کے لیے خوشی کا موقع ہے ایسے اہل علم کی پذیرائی معاشرے میں قرآن مجید کے علم اور دینی خدمات کی قدر ومنزلت کو مزید اجاگر کرتی ہے ۔
صہیب احمد میر محمدی کو اعزازی پی ایچ ڈی ڈگری یونیورسٹی کیلیے باعثِ افتخار ہے،حافظ مسعود اظہر
