اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اوکاڑہ محمد راشد ہدایت کی خصوصی ہدایات پر پنجاب فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے تحت درج مقدمات میں تفتیش کے معیار کو بہتر بنانے اور ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوانے کے لیے کمیونٹی لائنز ہال میں دو روزہ تربیتی کورس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
تربیتی کورس میں پنجاب فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے افسران اور پولیس کے تفتیشی افسران شریک ہو رہے ہیں۔ کورس کا بنیادی مقصد فوڈ سیفٹی قوانین سے مکمل آگاہی، تفتیشی صلاحیتوں میں اضافہ اور فوڈ سیفٹی سے متعلق مقدمات میں مؤثر اور مضبوط چالان نویسی کو یقینی بنانا ہے۔
کورس کے دوران اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ پبلک پراسیکیوٹر نعمان علی، ڈی ایس پی لیگل کلیم اللہ، انسپکٹر مشتاق احمد شاہد اور سب انسپکٹر محمد اکرم نے تفصیلی لیکچرز دیے۔ مقررین نے شواہد کے درست اندراج، قانونی تقاضوں کی مکمل پاسداری اور مضبوط پراسیکیوشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
مقررین کا کہنا تھا کہ معیاری تفتیش اور مؤثر کیس فائلنگ کے ذریعے فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو مثال بننے والی سزائیں دلوانا ممکن ہے، جس سے عوامی صحت کے تحفظ میں مدد ملے گی۔
یہ تربیتی اقدام اوکاڑہ پولیس کے اس عزم کا عملی اظہار ہے کہ عوامی صحت کے تحفظ کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی تعاون کے ذریعے فوڈ سیفٹی قوانین کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے گا۔
