Baaghi TV

کراچی ایئرپورٹ پر بدنظمی، رکاوٹوں اور عملے کی کمی سے مسافروں کی پروازیں چھوٹنے لگیں

‎کراچی کا جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کے لیے شدید مشکلات کا سبب بن گیا ہے، جہاں سیکیورٹی رکاوٹوں، طویل قطاروں اور عملے کی کمی کے باعث پروازیں چھوٹنے کے واقعات بڑھ گئے ہیں۔
‎اسٹار گیٹ اور جناح ٹرمینل پر پولیس چیک پوسٹس پر محدود اہلکاروں کی تعیناتی کے باعث چیکنگ کا عمل سست ہے، جس سے شارع فیصل پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں معمول بن چکی ہیں۔ جناح ٹرمینل کی پارکنگ اور لیول ٹو ریمپ پر بھی ٹریفک جام کی صورتحال رہتی ہے۔
‎ڈپارچر لاؤنج میں داخلے کے لیے تنگ راستے اور ناکافی عملہ مسافروں کو کم از کم ایک گھنٹے کی تاخیر کا سامنا کروا رہے ہیں۔ سامان کی اسکیننگ، جسمانی تلاشی، کسٹمز اور اے این ایف کی پوچھ گچھ کے مراحل سے گزرنے کے بعد مسافر ایئرلائن کاؤنٹر تک پہنچتے ہیں، جہاں بورڈنگ کے لیے وقت انتہائی محدود رہ جاتا ہے۔
‎ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق امیگریشن کے صرف 9 کاؤنٹر فعال ہیں جبکہ نصف سے زائد بند پڑے ہیں، جس کی وجہ ایف آئی اے امیگریشن میں عملے کی کمی بتائی جاتی ہے۔ حالیہ دنوں میں ایک ہی شفٹ میں 22 مسافر تاخیر کے باعث سفر سے محروم رہے۔
‎پی اے اے ریکارڈ کے مطابق مسافروں کی تاخیر سے آمد اور امیگریشن میں غیر معمولی سست روی کے باعث بین الاقوامی پروازوں کی روانگی میں ایک گھنٹے سے زائد تاخیر معمول بن چکی ہے۔ غیر ملکی ایئرلائنز نے بھی اس صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
‎اگرچہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خود ایئرپورٹ کا دورہ کیا، تاہم عملی طور پر بہتری نظر نہیں آئی۔ حکام کے مطابق صرف مسافروں کو پانچ گھنٹے پہلے بلانے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا جب تک داخلی راستوں پر رکاوٹیں اور عملے کی کمی دور نہیں کی جاتی۔

More posts