قصور (طارق نوید سندھوسے)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر محمدآصف رضا کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں غیرقانونی پٹرول پمپس اور ایل پی جی ری فلنگ کے حوالے سے سول ڈیفنس آفیسر نے بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہری علاقوں میں غیرقانونی ایل پی جی ری فلنگ کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کرنے کا حکم دیا۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ شہر سمیت ضلع بھر میں تجاوزات اور وال چاکنگ کے مکمل خاتمے کی رفتار تیز کی جائے۔ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے بھی اجلاس میں بریفنگ دی گئی اور اسسٹنٹ کمشنرز، میونسپل کمیٹیز اور سیکریٹری آر ٹی اے کو ہدایت کی گئی کہ وہ مل کر ٹریفک کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے اقدامات کریں۔
اس کے علاوہ ایس ای لیسکو نے بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری کے حوالے سے بھی بریفنگ دی، اور ڈپٹی کمشنر نے افسران کو ہدایت کی کہ قانون کے نفاذ میں کوئی رعایت نہ برتی جائے اور عوامی سہولت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے۔
