Baaghi TV

خیبر پختونخوا میں کل سے پولیو مہم کا آغاز ہو گا

خیبر پختونخوا میں کل سے پولیو مہم کا آغاز کیا جائے گا جسکو دو مرحلوں میں تقسیم کیا گیا ہے پہلے مر حل میں پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبہ بھر کے 74 لاکھ 78 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا کے مطابق کل سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے پہلے مرحلے میں پشاور، کوہاٹ، مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں پانچ سال سے کم عمر کے 63 لاکھ 62 ہزار 8 سو 95 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
جبکہ دوسری مہم میں 9 سے 13 اکتوبر تک جاری رہے گی جس میں بنوں اور ڈیر اسماعیل خان ڈویژن کے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن میں 11 لاکھ 16 ہزار 81 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائے گے، مہم کے دوران صوبے میں واقع تمام افغان مہاجر کیمپوں میں مقیم پانچ سال تک کے تمام بچوں کو بھی پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ اس مرتبہ مہم کے دوران بچوں کی قوت مدافعت بڑھانے کیلئے وٹامن اے کی خوراک بھی دی جائے گی۔
انسداد پولیو مہم میں حصہ لینے کے لئے تربیت یافتہ پولیو ورکرز کی 34 ہزار 551  ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جن میں 31 ہزار 151 موبائل ٹیمیں، ایک ہزار 953 فکسڈ ٹیمیں اور ایک ہزار 447 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل میں۔ اس کے علاوہ ان ٹیموں کی مؤثر نگرانی کے لیے 7 ہزار 77 ایریا انچارج بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی مؤثر سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں تقریبا 54 ہزار سے زائد پولیس اہلکار اپنے ڈیوٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ پولیو ٹیموں کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ضلعی انتظامیہ کی بھی بھرپور معاونت حاصل ہو گی۔
ایمرجنسی آپریشن سنٹر خیبر پختونخوا نے صوبہ بھر کے عوام سے اپنے بچوں کو بروقت پولیو کے قطرے پلانے اور پولیو کے ٹیموں کیساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔

More posts