Baaghi TV

لاہور میوزیم پرمبنی دستاویزی فلم نے امریکہ میں بہترین ثقافتی دستاویزی فلم کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا

لاہور میوزیم پر بنائی جانے والی اجوکا تھیٹر کی دستاویزی فلم نے ورجینیا میں منعقد ہونے والے گلوبل فلم اینڈ میوزک فیسٹیول میں بہترین ثقافتی دستاویزی فلم کا اعزاز اپنے نام کر لیا-

باغی ٹی وی:امریکی ریاست ورجینیا میں منعقد ہونے والے گلوبل فلم اینڈ میوزک فیسٹیول میں بہترین ثقافتی دستاویزی فلم کا اعزاز حاصل کرنے والی ‘پاکستان بیسٹ کیپٹ سیکریٹ: لاہور میوزیم کے عنوان سے بنائی گئی دستاویزی فلم کی ہدایات شاہد ندیم نے دی تھیں-

رپورٹس کے مطابق اسی دستاویزی فلم نے رواں برس کے آغاز میں دہلی میں منعقد ہونے والے انڈس ویلی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں بہترین دستاویزی فلم کا انڈس ویلی ایوارڈ بھی جیتا تھا۔

دستاویزی فلم میں سموسہ میڈیا کے انور اختر اور اجوکا کے شاہد ندیم، لاہور میوزیم کی ڈائریکٹر سمیرا صمد کے ساتھ لاہور میوزیم کی سیر کراتے ہیں جو انڈس ویلی گیلری سے شروع ہو کر آرٹ گیلری پر ختم ہوتی ہےلاہور میوزیم کی نوادرات پر مبنی یہ دستاویزی فلم اس سرزمین کی 5 ہزار برس پرانی تاریخ کا سفر ہے۔

یہ دستاویزی فلم وسیع پیمانے پر برطانیہ اور پاکستان کے مختلف میوزیمز اور تعلیمی اداروں میں نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہے اور اسے فیس بک پر تقریباً 3 کروڑ مرتبہ دیکھا جاچکا ہے۔

یاد رہے کہ مئی 2019 میں اس دستاویزی فلم کا پریمیئر بیک وقت لاہور میں واقع انسٹیٹیوٹ فار آرٹ اینڈ کلچر اور لندن کی برک بیک یونیورسٹی میں کیا گیا تھا۔

اعجاز اسلم کی ویب سیریز یوٹیوب چینل سی پرائم پر ریلیز

ہم کراچی آرٹس کونسل کو بین الاقوامی ادارہ بنائیں گے صدر آرٹس کونسل آف کراچی محمد…

More posts