نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی متعدد شہری خدمات اب ملک بھر میں قائم دو ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزز پر دستیاب ہیں۔
نادرا کے ترجمان کے مطابق شہری اب ای سہولت مراکز سے قومی شناختی کارڈ کے گم ہونے کی صورت میں متبادل کارڈ بنوا سکتے ہیں، میعاد ختم ہونے پر تجدید کروا سکتے ہیں، جبکہ کسی خاندان کے فرد کی وفات پر ان کا شناختی کارڈ منسوخ کرانے کی سہولت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ مدھم انگلیوں کے نشانات کی صورت میں بائیو میٹرک سرٹیفکیٹ اور پنشنرز کے لیے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ کا اجرا بھی انہی مراکز سے ممکن ہے۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو ضلعی یا علاقائی دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا اور بنیادی رجسٹریشن خدمات کو ان کی دہلیز کے قریب لانا ہے۔
ای سہولت فرنچائزز کی دستیابی
ای سہولت مراکز بلوچستان، سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بڑے شہروں اور اضلاع میں قائم ہیں۔
بلوچستان میں کوئٹہ، چمن، ژوب، خضدار، تربت، گوادر، سبی، لورالائی، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، پنجگور، آواران، حب اور دیگر علاقوں میں سہولت دستیاب ہے۔
سندھ میں کراچی کے تمام اضلاع کے علاوہ حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، لاڑکانہ، نوابشاہ، دادو، بدین، عمرکوٹ، ٹھٹھہ اور دیگر شہروں میں مراکز قائم ہیں۔
پنجاب میں لاہور، فیصل آباد، ملتان، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور دیگر اضلاع شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا میں پشاور، مردان، سوات، ایبٹ آباد، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، کرم، خیبر اور سابقہ قبائلی اضلاع میں سہولت میسر ہے۔
گلگت بلتستان میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نگر، دیامر اور شگر شامل ہیں۔
آزاد جموں و کشمیر میں مظفرآباد، میرپور، کوٹلی، باغ، راولا کوٹ اور نیلم ویلی میں ای سہولت فرنچائزز فعال ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق آئندہ مرحلے میں مزید علاقوں میں ای سہولت فرنچائزز قائم کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو شناختی دستاویزات سے متعلق خدمات تیز، آسان اور شفاف طریقے سے فراہم کی جا سکیں۔
نادرا کی خدمات ملک بھر میں دو ہزار سے زائد ای سہولت فرنچائزز تک پھیل گئیں
