ننکانہ صاحب (باغی ٹی وی، نامہ نگار احسان اللہ ایاز) عوام الناس کی شکایات پر وزیراعلیٰ پنجاب کی معائنہ ٹیم نے رات کے وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا، جہاں علاج معالجے میں غفلت ثابت ہونے پر متعدد اہلکاروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے معائنے کی رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی انسپکشن ٹیم کے اچانک دورے پر ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ اور اسسٹنٹ کمشنر ثناء شرافت بھی فوری طور پر ہسپتال پہنچ گئے۔ معائنہ ٹیم نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا، جہاں علاج کی فراہمی میں غفلت برتنے پر چار اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا۔
مریضوں کو بازار سے ادویات منگوانے پر گائنی وارڈ کے دو اہلکاروں کو معطل کیا گیا جبکہ قبل از وقت فارمیسی بند کرنے پر ایک ڈسپنسر اور پرچی کاؤنٹر کلرک کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ معائنہ ٹیم نے بتایا کہ کسی بھی مریض نے شکایات کے حوالے سے ایم ایس آفس کو آگاہ نہیں کیا تھا۔
انسپکشن کا عمل مسلسل تین گھنٹے جاری رہا، جس دوران پچاس مریضوں کے انٹرویوز بھی کیے گئے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق انہوں نے رواں ماہ کے دوران سات مرتبہ ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا، جبکہ اسسٹنٹ کمشنر اور سی ای او ہیلتھ بھی چھ مرتبہ ہسپتال آ چکے ہیں۔
دورانِ انسپکشن ڈاکٹرز اور عملہ اپنی ڈیوٹی پر حاضر پایا گیا، جبکہ صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے انتظامات تسلی بخش قرار دیے گئے۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
