ننکانہ صاحب ،باغی ٹی وی( نامہ نگار احسان اللہ ایاز ) 21 مارچ 2025 کو جنگلات کے عالمی دن کے موقع پر ضلع ننکانہ صاحب میں گرینڈ شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راؤ نے ننکانہ بائی پاس پر 500 پودے لگا کر "پلانٹ فار پاکستان” مہم کا افتتاح کیا۔ شجرکاری مہم کی پروقار تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، تمام ضلعی افسران، صحافی برادری سمیت شہریوں اور سکول کے بچوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔
ڈپٹی کمشنر محمد تسلیم اختر راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران، صحافی برادری، سکول کے بچوں اور موجود شہریوں نے بھی اپنے اپنے حصے کے پودے لگائے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت ضلع میں 30 اقسام کے پھلدار اور پھولدار پودے لگائے جا رہے ہیں۔ تمام ضلعی اداروں کو پودے لگانے اور ان کی پرورش کا ٹارگٹ دے دیا گیا ہے جبکہ ضلع کی تمام شاہرات، کالجز، ہسپتالوں اور ضلعی دفاتر میں پودے لگائے جا رہے ہیں۔
ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ شجرکاری مہم کا دائرہ کار یونین کونسل کی سطح تک بڑھایا گیا ہے جبکہ ہاؤسنگ سوسائٹیز، پٹرول پمپس، بھٹہ جات اور فیکٹریز کے اردگرد بھی بھرپور شجرکاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لینڈ پر شجرکاری کرنا لازم ہو گی، اسسٹنٹ کمشنرز عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔ ضلعی انتظامیہ رواں سیزن میں 01 لاکھ 54 ہزار پودے لگانے کا ٹارگٹ مکمل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرز و ضلعی افسران "پلانٹ فار پاکستان” کے تحت بھرپور شجرکاری کریں، ہر پودے کا جیو ٹیگڈ ڈیٹا بھی اپلوڈ کیا جائے۔ ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ 40 ضلعی اداروں کے افسران و اہلکاران لگائے جانے والے پودوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔ ضلعی انتظامیہ 23 مارچ کو ضلع کی تینوں تحصیلوں کے رمضان بازاروں میں شہریوں کو مفت پودے تقسیم کرے گی، تاکہ آنے والی نسلوں کو سرسبز و شاداب ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئندہ 03 سالوں میں ننکانہ صاحب پھولوں اور پھلوں کا شہر بن جائے گا اور ننکانہ صاحب کو انٹرنیشنل سٹی کے مطابق خوبصورت اور صاف ستھرا شہر بنایا جائے گا۔ ڈی سی ننکانہ نے کہا کہ پاکستان کے لیے درخت لگائیں، زندگی بچائیں، شجرکاری صرف ایک مہم نہیں مقصد ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق تمام شہری شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو صاف ماحول کی فراہمی کے لیے تمام مکاتب فکر کو اپنی قومی ذمہ داری نبھانا ہو گی۔ شہری اپنے گھر، دفتر میں شجرکاری کرکے حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تغیر ہم سب کا مسئلہ ہے۔ شجرکاری کے ساتھ پودوں کی حفاظت بارے نظام وضع کیا جا رہا ہے جس سے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وطن عزیز میں گرین کور میں اضافہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
ڈی سی ننکانہ نے شہریوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہری ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے حکومتی کوششوں کا حصہ بنیں تاکہ ماحول کو صاف بنایا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی و ترقی اور شجر کاری مہم کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔
