وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی ہدایات پر رائٹ آف وے (آر او ڈبلیوز) کے حوالے سے اہم اقدامات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے ملک بھر کی شاہراہوں کے دونوں اطراف موجود تجارتی سرگرمیوں کو باقاعدہ ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
این ایچ اے کے مطابق عوامی شراکت داری کے تحت آر او ڈبلیوز کو آؤٹ سورس کیا جائے گا، جس کا مقصد کاروباری مواقع بڑھانا اور نظام میں شفافیت لانا ہے۔ اس سلسلے میں این ایچ اے کی جانب سے باقاعدہ اشتہارات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تجاوزات کے خاتمے اور ریونیو میں مزید اضافے کے لیے اہم فیصلے کیے گئے ہیں، جن کے تحت ہوٹلز، پیٹرول پمپس اور دیگر تجارتی سرگرمیوں سے این او سی فیس اور کرایوں کی وصولی آؤٹ سورس کی جائے گی۔
یہ منصوبہ چاروں صوبوں میں قومی شاہراہوں کے اطراف کاروبار کے نئے مواقع پیدا کرے گا، جبکہ این فائیو سے این ایٹی تک کے مختلف آر او ڈبلیوز کو مرحلہ وار لیز پر دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ این ایچ اے حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف آمدن میں اضافہ ہوگا بلکہ شاہراہوں کے اطراف غیر قانونی تجاوزات پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔
این ایچ اے کا شاہراہوں کے اطراف تجارتی سرگرمیوں کو ریگولیٹ کرنے کا فیصلہ
