اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم کے اجلاس میں 2 فروری سے شروع ہونے والی مہم کے لیے 100 فیصد اہداف مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اجلاس میں محکمہ صحت، ایجوکیشن، ڈبلیو ایچ او کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی، جبکہ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر فواد افتخار نے مہم کے مائیکرو پلان، ٹیموں کی تشکیل، لاجسٹک سپورٹ اور سیکیورٹی پر تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ صحت مند معاشرے کے لیے پولیو کا خاتمہ ناگزیر ہے اور ضلع کو پولیو فری بنانے کے لیے تشکیل دی گئی ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے مکمل تیاریاں کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران کوئی بھی بچہ قطرے پینے سے محروم نہ رہے اور دور دراز علاقوں و خانہ بدوش بستیوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔ پولیس حکام کو ہدایت کی گئی کہ پولیو ٹیموں کی حفاظت کے لیے فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے اور حساس علاقوں میں اضافی نفری تعینات کی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ مہم کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی مانیٹرنگ کی جائے گی اور روزانہ شام کو جائزہ اجلاس منعقد کر کے ٹیموں کی کارکردگی کا موازنہ کیا جائے گا تاکہ ہر علاقے میں مکمل ریلیف اور مؤثر حکمت عملی کو یقینی بنایا جا سکے۔
