اوکاڑہ (نامہ نگار، ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ڈی پی او محمد راشد ہدایت، صوبائی و وفاقی محکموں کے افسران، آرمی افسران اور ضلعی انتظامیہ کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں ٹریفک قوانین پر عملدرآمد، نان کسٹم پیڈ گاڑیوں، سمگلنگ اور تجاوزات کے خلاف اقدامات، غیر قانونی ایل پی جی شاپس اور پٹرول پمپس، گداگری، بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں، مدارس کی رجسٹریشن، تعلیمی اداروں میں مثبت رویوں کے فروغ اور سیکیورٹی ایڈوائزری پر عملدرآمد سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون کے نفاذ کے سلسلے میں تمام متعلقہ محکمے باہمی ربط و رابطہ کو مزید مؤثر بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام شعبہ جات میں قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی پالیسیوں اور وضع شدہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون توڑنے والے عناصر کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض دیانتداری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے اس بات پر زور دیا کہ قانون کا نفاذ محض کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ عملی اور مؤثر اقدامات کے ذریعے عوامی مفاد، شفافیت اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں اس کے ثمرات مل سکیں۔
