Baaghi TV

اوکاڑہ:گورنمنٹ گریجویٹ کالج میں پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد کی تقسیم، ٹیچر پیرنٹس میٹنگ کا انعقاد

اوکاڑہ (نامہ نگار ملک ظفر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے تعلیمی وژن اور صوبائی وزیرِ تعلیم رانا سکندر حیات کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کی طرح گورنمنٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ میں بھی ٹیسٹ کی بنیاد پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔

اس موقع پر طلبہ کی تعلیمی کارکردگی، دلچسپی اور نتائج سے والدین کو آگاہ کرنے کے لیے ٹیچر پیرنٹس میٹنگ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس میں اساتذہ اور والدین نے بھرپور شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد طلبہ کی تعلیمی پیش رفت کا جائزہ لینا اور والدین و اساتذہ کے باہمی اشتراک سے بہتر تعلیمی نتائج کا حصول تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل گورنمنٹ گریجویٹ کالج پروفیسر علی حیدر ڈوگر نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ دورِ جدید کے تدریسی طریقے اپنائے جا رہے ہیں تاکہ طلبہ کو ایک بہتر، سازگار اور ہمہ جہت تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ والدین کو طلبہ کی تعلیمی دلچسپی اور نتائج سے باخبر رکھنا نہایت ضروری ہے کیونکہ والدین اور اساتذہ کا باہمی تعاون ہی طلبہ کی تعلیمی کامیابی کی ضمانت بنتا ہے۔

پرنسپل نے مزید کہا کہ حکومتِ پنجاب تعلیم کے شعبے میں اصلاحات کے ذریعے طلبہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے جن کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ میں تعریفی اسناد تقسیم کی گئیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔

More posts