اوکاڑہ (نامہ نگار: ملک ظفر)ڈپٹی کمشنر اوکاڑہ احمد عثمان جاوید کی زیر صدارت ضلعی افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، ضلع کی تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز سمیت دیگر ضلعی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید کو پرائس کنٹرول میکانزم، ستھرا پنجاب مہم، آوارہ کتوں کی تلفی، بیوٹیفکیشن پلان، ڈویلپمنٹ سکیمز میں پیش رفت اور مفادِ عامہ سے متعلق دیگر اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر احمد عثمان جاوید نے ہدایات جاری کیں کہ عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام افسران محنت، دیانت داری اور لگن کے ساتھ کام کریں، عوامی مسائل کے حل اور شکایات کے بروقت ازالے کے لیے فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے مربوط اور عملی حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مفادِ عامہ کے منصوبوں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور تمام محکمے باہمی تعاون کے ساتھ خدمات کی فراہمی کو مزید بہتر بنائیں۔
