وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہیومن ریسورس ڈیولپمنٹ نے قومی اسمبلی میں سال 2025 کے دوران خلیجی ممالک سے ڈی پورٹ کیے گئے پاکستانیوں کی تفصیلات پیش کر دیں۔
دستاویزات کے مطابق رواں سال 38 ہزار 616 پاکستانی شہریوں کو مختلف خلیجی ممالک سے واپس بھیجا گیا۔ ان افراد کو غیر قانونی قیام، ویزہ خلاف ورزی، بھیک مانگنے اور دیگر جرائم میں ملوث پائے جانے پر ڈی پورٹ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ 27 ہزار 692 پاکستانی سعودی عرب سے واپس بھیجے گئے۔ متحدہ عرب امارات سے 6 ہزار 794، عمان سے 2 ہزار 537، بحرین سے 786، قطر سے 644 اور کویت سے 163 پاکستانی ڈی پورٹ ہوئے۔
ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے متعلقہ کمیٹی کو بتایا کہ 2025 میں 51 ہزار پاکستانی شہریوں کو بیرون ملک سفر کی کوشش کے دوران پاکستانی ہوائی اڈوں پر ہی روک لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب نے 24 ہزار پاکستانیوں کو بھیک مانگنے کے الزام میں ڈی پورٹ کیا، جبکہ دبئی سے 6 ہزار اور آذربائیجان سے تقریباً 2 ہزار افراد کو واپس بھیجا گیا۔
کمیٹی کو آگاہ کیا گیا کہ بیرون ملک بھیک مانگنے میں ملوث افراد کی واپسی سے پاکستان کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ بعض افراد عمرہ ویزے پر بیرون ملک جا کر یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم سفری دستاویزات میں تضاد سامنے آنے پر انہیں پاکستانی ہوائی اڈوں سے ہی روک دیا جاتا ہے۔
2025 میں خلیجی ممالک سے 38 ہزار سے زائد پاکستانی ڈی پورٹ
