پاکستان افغانستان سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے بار بار اشتعال انگیزی اور دراندازی کی کوششوں کے بعد پاکستان سیکیورٹی فورسز نے مؤثر اور بھرپور جوابی کارروائی کی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان طالبان نے ژوب سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کی، جس کے بعد قلعہ سیف اللہ کے مقابل بلااشتعال فائرنگ شروع کر دی۔ یہ تمام سرگرمیاں پاکستان سیکیورٹی فورسز کی مسلسل نگرانی میں تھیں۔
فوری ردِعمل میں سیکیورٹی فورسز نے مارٹرز، مسلح ڈرونز اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے طالبان کی متعدد پوسٹوں کو درست نشانہ بنایا۔ کارروائی کے نتیجے میں کئی طالبان پوسٹیں تباہ ہو گئیں اور دشمن کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
ذرائع کے مطابق پسپائی اختیار کرنے والے عناصر کو بھی مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا، جس کے دوران ایک طالبان بکتر بند گاڑی (اے پی سی) مکمل طور پر تباہ کر دی گئی۔
پاکستان سیکیورٹی فورسز ہائی الرٹ پر ہیں اور واضح کیا گیا ہے کہ آئندہ کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی یا سرحدی خلاف ورزی کا فیصلہ کن اور بھرپور جواب دیا جائے گا۔
پاک افغان سرحد پر کشیدگی، سیکیورٹی فورسز کی بھرپور جوابی کاروائی
