ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے کرپشن پرسیپشن انڈیکس (CPI) 2025 جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق پاکستان کے کرپشن کے تاثر میں واضح بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2024 کے مقابلے میں پاکستان کا مجموعی اسکور ایک پوائنٹ بڑھ کر 28 تک پہنچ گیا ہے، جبکہ عالمی درجہ بندی میں پاکستان ایک درجہ بہتری کے ساتھ 136 ویں پوزیشن پر آ گیا ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ گزشتہ چار برسوں کے دوران گڈ گورننس اور مسلسل ادارہ جاتی اصلاحات کے باعث پاکستان کے مجموعی اسکور میں بہتری کا رجحان برقرار رہا ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ پاکستان میں نہ صرف پبلک سیکٹر اور انتظامی بدعنوانی کے اشاریوں میں بہتری آئی ہے بلکہ قانون ساز اداروں اور عدلیہ میں بدعنوانی کے تاثر میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں کرپشن پرسیپشن انڈیکس کے لیے 182 ممالک کا سروے کیا گیا، جبکہ 2024 میں یہ تعداد 180 تھی۔ نئے اعداد و شمار کے مطابق 2021 سے 2025 کے دوران پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں مجموعی طور پر چار درجے بہتری آئی ہے۔
ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی جانب سے دسمبر 2025 میں جاری کی گئی سالانہ رپورٹ میں بھی بتایا گیا تھا کہ تین میں سے دو پاکستانی شہریوں کو سرکاری اداروں میں کبھی بدعنوانی یا بے ضابطگی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، جو کرپشن کے تاثر میں کمی کی عکاسی کرتا ہے۔
کرپشن پرسیپشن انڈیکس 2025: پاکستان کی عالمی درجہ بندی میں بہتری
