پسرور (نامہ نگار محمد وقاص اسلم)آل برادری ویلفیئر سوسائٹی کی جانب سے فلاحی سرگرمیوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں تعلیمی سہولیات کی بہتری کے لیے ایک اہم اقدام کرتے ہوئے گورنمنٹ پرائمری سکول سرانوالی، مرکز ستراہ کے طلبہ کے لیے نئے بینچز اور ڈیسک فراہم کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق سکول کے اساتذہ کرام نے آل برادری ویلفیئر سوسائٹی کو آگاہ کیا تھا کہ سکول میں موجود ڈیسک اور بینچز ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، جس کے باعث طلبہ کو بیٹھنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اطلاع ملتے ہی آل برادری ویلفیئر سوسائٹی کے صدر حاجی محمد ارشد مئیو کی ہدایت پر تنظیم کے عہدیداران اور ممبران نے سکول کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد فوری طور پر نئے بینچز اور ڈیسک بنوانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس فلاحی اقدام میں محمد وسیم ولد بشیر مئیو نے ایک درخت فراہم کیا، جس سے بچوں کے لیے نئے بینچز اور ڈیسک تیار کیے گئے۔ بعد ازاں آل برادری ویلفیئر سوسائٹی کے صدر حاجی محمد ارشد مئیو سکول پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ محمد عدیل اصغر مئیو، محمد عرفان شمس، محمد شاہد مئیو، محمد سعید بٹ، محمد کاشف بٹ اور محمد شکیل منج بھی موجود تھے۔
سکول پہنچنے پر اساتذہ کرام نے صدر حاجی محمد ارشد مئیو اور ان کی ٹیم کا پرتپاک استقبال کیا اور پھولوں کے ہار پہنائے۔ نئے بینچز اور ڈیسک ملنے پر اساتذہ اور طلبہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آل برادری ویلفیئر سوسائٹی اور صدر حاجی محمد ارشد مئیو کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے حاجی محمد ارشد مئیو نے کہا کہ بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی آل برادری ویلفیئر سوسائٹی کی اولین ترجیح ہے، اور آئندہ بھی ایسے فلاحی اور تعلیمی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔