Baaghi TV

وزیراعظم کی ایران کے نو منتخب صدر کو ٹیلی فون پر مبارکباد

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے نو منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور حال ہی میں منعقدہ صدارتی انتخابات میں ان کی کامیابی پر انہیں دلی مبارکباد پیش کی۔ وزیراعظم نے ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جمہوری عمل کے ذریعے نئے صدر کے انتخاب پر انہیں اور ایران کے برادر عوام کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ برادر ہمسایہ ممالک کی حیثیت سے پاکستان اور ایران مشترکہ تاریخ، عقیدے، ثقافت اور روایات کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔ایران کے نو منتخب صدر کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وہ پاکستان ایران تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور تجارت، توانائی اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لیے ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ اس حوالے سے وزیراعظم نے مزید کہا کہ اپریل 2024 میں مرحوم صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے تاریخی دورے کے دوران دونوں ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر لیے گئے فیصلوں نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون پر مبنی شراکت داری کی ایک بہترین بنیاد رکھی تھی۔نومنتخب صدر پیزشکیان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مبارکباد پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

More posts