وزیراعظم شہباز شریف نے بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے سربراہ طارق رحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کرکے انہیں عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے بنگلادیش کے عوام کو کامیاب عام انتخابات کے انعقاد پر بھی مبارکباد پیش کی اور پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
اعلامیے کے مطابق گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی، خطے کے امن اور ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر بیگم خالدہ ضیا کی پاک بنگلادیش تعلقات کے فروغ کے لیے خدمات کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے رابطے میں رہنے اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے طارق رحمان کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔
یاد رہے کہ بنگلادیش کے الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری سرکاری نتائج کے مطابق 299 نشستوں پر ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بی این پی نے 212 نشستیں حاصل کرکے دو تہائی اکثریت حاصل کی، جبکہ جماعت اسلامی 77 نشستوں کے ساتھ دوسری بڑی جماعت بن کر سامنے آئی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا بی این پی سربراہ طارق رحمان سے رابطہ، انتخابی کامیابی پر مبارکباد
