پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر پٹیل نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) ہر بار پیپلز پارٹی کے ساتھ حکومت میں شامل رہی، اس لیے پیپلز پارٹی پر جو ذمہ داری آتی ہے وہ متحدہ پر بھی آتی ہے۔ انہوں نے گل پلازہ منصوبے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایک منزل کی منظوری تھی، لیکن بانی ایم کیو ایم کے گارڈ نے اسے جبراً بڑھا کر پانچ منزلہ بنا دیا۔
قومی اسمبلی اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ کل ارشد وہرہ نے فائر بریگیڈ کی تعریف کی اور آج امین الحق نے تنقید کی، یہ دونوں الگ باتیں ہیں، ہمیں فیصلہ کرنا ہوگا کہ کس کی رائے پر عمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی اور ایم کیو ایم نے 35 سال میں کراچی کو موجودہ حالت تک پہنچایا ہے، اس لیے یہ درست نہیں کہ گل پلازہ کا ذکر کریں لیکن بلدیہ ٹاؤن کا ذکر نہ کریں۔ عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ ایم کیو ایم آج بھی اپنے بانی کے فلسفے پر عمل کر رہی ہے اور نفرت کی سیاست سے الگ نہیں ہوئی۔
انہوں نے صوبائی حکومت کو طعنے دینے والوں پر بھی تنقید کی اور کہا کہ بانی ایم کیو ایم کے گن مین گوگا نے گل پلازہ کو ایک منزلہ سے پانچ منزلہ بنا دیا، اس لیے کراچی پر بات کرنے سے پہلے تاریخ کا مطالعہ کرنا ضروری ہے۔
عبدالقادر پٹیل کی گل پلازہ سانحے کے بعد ایم کیو ایم پر تنقید
