Baaghi TV

بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر محفوظ فیصلہ 10 جنوری کو سنایا جائے گا۔

Imran Khan

الیکشن ٹریبونل کے جج جسٹس چودھری عبدالعزیز نے بانی پی ٹی آئی کے این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل پر سماعت کی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کیخلاف بانی پی ٹی آئی کی اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو 10 جنوری کو سنایا جائے گا۔
دوران سماعت بیرسٹر علی ظفر بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عدالت میں پیش ہوئے۔بیرسٹر علی ظفر نے استدعا کی کہ ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کوئی شخص اہل ہے یا نااہل اس کیلئے شواہد چاہئیں، بانی پاکستان تحریک انصاف کے معاملے میں آر او کے فیصلے میں ایسا کچھ نہیں تھا، 2018 میں خواجہ محمد آصف کیس کا حوالہ دینا چاہتا ہوں۔ٹریبونل نے کہا کہ خواجہ محمد آصف کیس میں تنخواہ کا ذکر تھا، توشہ خانہ سے جو چیزیں لی گئیں، کیا ان کی تفصیلات دی گئیں؟ ہم یہاں پر توشہ خانہ کیس کے میرٹ پر بات نہیں کر رہے ہیں، جو پیسہ توشہ خانہ کی چیزیں بیچ کر حاصل کیا گیا وہ بتایا گیا تھا؟
ڈی جی لاء نے دلائل میں کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے سرسری سماعت کرنا ہوتی ہے، ملزم سزا یافتہ ہو تو الیکشن نہیں لڑ سکتا اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کو نااہل قرار دیا ہے جبکہ سزا ختم نہیں کی بلکہ وہ برقرار ہے۔ڈی جی لاء نے کہا کہ ریٹرننگ آفیسر نے قانون کے مطابق کاغذات مسترد کئے اس لئے استدعا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل خارج کی جائے۔بعدازاں الیکشن ٹریبونل نے بانی پی ٹی آئی کے این اے 89 میانوالی سے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کیخلاف اپیل پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔بانی پی ٹی آئی کی انتخابی قسمت کا فیصلہ 10 جنوری کو صبح 10 بجے سنایا جائے گا۔

More posts