لاہور میں پنجاب کے مختلف میڈیکل اسٹورز پر جعلی اور غیرمعیاری ادویات کی فروخت سامنے آنے کے بعد پنجاب ڈرگ کنٹرول بورڈ نے پانچ ادویات کے بارے میں الرٹ جاری کردیا ہے۔
حکام کے مطابق لیبارٹری ٹیسٹنگ کے دوران معلوم ہوا کہ ادویات کے مخصوص بیچز معیار پر پورا نہیں اترتے اور بعض جعلی بھی ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہڈیوں کی مضبوطی اور کیلشیم کے لیے استعمال ہونے والے مخصوص ملٹی وٹامنز جعلی نکلے جنہیں اسلام آباد کی ایک فارماسوٹیکل کمپنی کے نام پر مارکیٹ میں فروخت کیا جارہا تھا۔
ڈرگ کنٹرول بورڈ کی رپورٹ کے مطابق کھانسی کے لیے استعمال ہونے والا ایک معروف سیرپ بھی غیرمعیاری اور ملاوٹ شدہ پایا گیا جبکہ درد کے علاج کے لیے استعمال ہونے والا ایک انجیکشن بھی معیار پر پورا نہیں اترا۔ ٹیسٹ کے دوران انجیکشن میں غیر ضروری ذرات کی موجودگی کا بھی انکشاف ہوا۔
رپورٹ کے مطابق درد کا انجیکشن لاہور میں جبکہ کھانسی کا سیرپ کراچی میں تیار کیا گیا تھا۔ اس کے علاوہ جانوروں کے علاج کے لیے استعمال ہونے والے دو انجیکشن بھی غیرمعیاری قرار دیے گئے جن میں اصل اجزا کی مقدار مقررہ معیار کے مطابق نہیں پائی گئی۔ یہ ادویات لاہور اور کراچی کی فارماسوٹیکل کمپنیوں نے تیار کی تھیں۔
دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ ادویات کو تمام میڈیکل اسٹورز سے واپس منگوانے کا حکم دے دیا ہے تاکہ عوام کو ممکنہ نقصان سے بچایا جاسکے۔
پنجاب میں جعلی اور غیرمعیاری ادویات کا انکشاف، ڈرگ کنٹرول بورڈ کا 5 ادویات پر الرٹ
