Baaghi TV

فیڈرل ٹی بی سینٹر کی جگہ چلڈرن اسپتال اور نرسنگ سینٹر بنانے کا فیصلہ

پنجاب حکومت نے راولپنڈی میں قائم فیڈرل ٹی بی سینٹر کی اراضی صوبے کے حوالے کرنے کے لیے وفاق سے باضابطہ طور پر قبضہ مانگ لیا ہے، تاکہ وہاں چلڈرن اسپتال اور نرسنگ ایکسیلنس سینٹر تعمیر کیا جا سکے۔
‎ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے پنجاب حکومت سے ٹرانزیشن پلان طلب کر لیا ہے، جس کی منظوری کے بعد ٹی بی سینٹر کی ملکیت صوبے کو منتقل کر دی جائے گی۔ وفاق کی جانب سے ارسال کردہ مراسلے میں اثاثوں، ملازمین کی حیثیت، مستقل عملے اور طبی آلات کے مستقبل کے استعمال سے متعلق تفصیلات مانگی گئی ہیں۔
‎مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزارت صحت کابینہ کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائے گی۔ پنجاب حکومت کا مؤقف ہے کہ اراضی کی حوالگی کے فوری بعد تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔
‎واضح رہے کہ فیڈرل ٹی بی سینٹر راولپنڈی 129 کنال اراضی پر قائم ہے، جو اس وقت وفاقی حکومت کے نام ہے۔ اس جگہ چلڈرن اسپتال کے ساتھ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے نرسنگ ایکسیلنس سینٹر قائم کیا جائے گا، جہاں نرسوں کی پیشہ ورانہ تعلیم اور تربیت دی جائے گی۔

More posts