Baaghi TV

میرپورماتھیلو:جروار کے گاؤں میں بارش بنی ابر زحمت،راستے بند، عوام محصور،نمائندے غائب

میرپور ماتھیلو (باغی ٹی وی،نامہ نگارمشتاق علی لغاری) تحصیل میرپور ماتھیلو کے شہر جروار کے قریب گاؤں خدا بخش لغاری میں حالیہ بارشوں کے بعد صورتحال انتہائی تشویشناک ہو گئی ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث گاؤں کی تمام کچی گلیوں اور سڑکوں میں ایک سے ڈیرھ فٹ پانی کھڑا ہو گیا ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور وہ گھروں میں محصور ہیں۔

علاقہ مکینوں نے بتایا کہ سردی کے موسم میں کھڑا پانی چلنے پھرنے میں شدید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔ بزرگ، بچے اور خواتین روزمرہ ضروریات کے لیے بھی گھروں سے نکلنے سے قاصر ہیں۔ گندے پانی کی موجودگی سے نزلہ، بخار، کھانسی اور دیگر خطرناک بیماریاں پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جس سے والدین خوف زدہ ہیں۔

مقامی لوگوں کے مطابق کچی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور کیچڑ، بدبو اور گندگی نے ماحول کو مزید آلودہ کر دیا ہے۔

علاقہ مکینوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل ادارے اور منتخب نمائندوں پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ شکایات اور درخواستوں کے باوجود کسی بھی ذمہ دار نے گاؤں کا دورہ نہیں کیا۔

گاؤں خدا بخش لغاری کے رہائشیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو عوام کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی اور صورتحال ناقابلِ برداشت ہو جائے گی۔

More posts