Baaghi TV

پاکستان میں رمضان کا چاند نظر آگیا

‎پاکستان میں رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے اور کل 19 فروری کو پہلا روزہ ہوگا۔ اس کا حتمی اعلان کچھ دیر بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔ پشاور میں ہونے والے اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے کی، جس میں ڈی جی وزارت مذہبی امور حافظ عبدالقدوس، سپارکو کے نمائندے شوکت اللہ، محکمہ موسمیات کے نمائندے ڈاکٹر حسن علی بیگ اور وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے زین العابدین نے شرکت کی۔
‎پشاور کے علاوہ اسلام آباد اور دیگر صوبائی دارالحکومتوں میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے۔ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ممبر مفتی عتیق اللہ کے مطابق چاند دیکھنے کی 5 شہادتیں سب سے پہلے اپر دیر سے موصول ہوئیں، جبکہ ضلع مہمند سے 6 شہادتیں زونل کمیٹی پشاور کو موصول ہوئیں۔ مجموعی طور پر کمیٹی کو 40 شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔
‎اجلاس سے قبل چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے عوام سے اپیل کی کہ رمضان کا چاند دیکھنے میں حصہ لیں اور اعلان کیا کہ ان شاء اللہ اس سال بھی ملک بھر میں رمضان کا آغاز یکساں ہوگا۔
‎عالمی سطح پر بھی رمضان کا آغاز سامنے آ گیا ہے، کیونکہ بنگلادیش اور بھارت میں بھی رمضان المبارک کا چاند نظر آ چکا ہے، اور وہاں بھی کل 19 فروری کو پہلا روزہ منایا جائے گا۔

More posts