راولپنڈی میں رمضان المبارک سے قبل آٹے کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے جس کے باعث نان بائیوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ روٹی کی قیمتوں میں اضافے کا خدشہ بھی سامنے آ گیا ہے۔
نان بائی ایسوسی ایشن کے مطابق 80 کلو فائن آٹے کی بوری کی قیمت 12 ہزار 800 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 80 کلو لال آٹے کی بوری 11 ہزار 500 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ فی بوری 1 ہزار 200 سے 1 ہزار 800 روپے تک اضافہ ہوا ہے۔
نان بائیوں کا کہنا ہے کہ سرکاری آٹے کی عدم دستیابی کے باعث کاروبار شدید متاثر ہو رہا ہے، اور اگر قیمتوں میں مزید اضافہ ہوا تو وہ روٹی مہنگی کرنے پر مجبور ہوں گے۔
نان بائی ایسوسی ایشن نے وفاقی اور پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مداخلت کی جائے اور آٹا مناسب قیمت پر فراہم کیا جائے۔
ایسوسی ایشن نے راولپنڈی ڈویژن بھر کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے اور خبردار کیا ہے کہ اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو شٹر ڈاؤن کی جانب جا سکتے ہیں۔
نان بائیوں نے واضح کیا ہے کہ پنجاب حکومت کو تندور مالکان کے خلاف کارروائی کے بجائے آٹا مافیا کے خلاف سخت اقدامات کرنے چاہئیں۔
رمضان سے قبل آٹے کا شدید بحران، روٹی مہنگی ہونے کا خدشہ
