Baaghi TV

سابق وزیر تعلیم شفقت محمود کا سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے آج سیاست سے ریٹائرمنٹ کا حیران کن اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک تفصیلی بیان کے ذریعے کیا۔اپنے پیغام میں شفقت محمود نے کہا، "بہت غور و فکر کے بعد میں نے اب سیاست سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ میں اپنی باقی زندگی تحریر اور تدریس کے لیے وقف کرنا چاہتا ہوں۔” انہوں نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ کسی بیرونی دباؤ کا نتیجہ نہیں ہے اور نہ ہی وہ کسی دوسری سیاسی جماعت میں شمولیت کا ارادہ رکھتے ہیں۔
سابق وزیر نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ محض وقت اور عمر کے تقاضوں کی بنیاد پر لیا گیا ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں قومی خدمت کا موقع فراہم کیا۔شفقت محمود نے اپنے حلقے کے ووٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے انہیں دو بار قومی اسمبلی کی نمائندگی کا موقع دیا۔ "میں پی ٹی آئی اور اپنے حلقے کے ووٹرز کا بے حد مشکور ہوں جنہوں نے مجھے دو مرتبہ اپنا نمائندہ منتخب کیا،” انہوں نے کہا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں آیا ہے جب پاکستان کی سیاست میں کئی اہم تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ شفقت محمود کے اس فیصلے سے پی ٹی آئی کو ایک تجربہ کار اور قابل رہنما کی کمی محسوس ہوگی۔ ان کے مستقبل کے منصوبوں اور تعلیمی شعبے میں ممکنہ کردار پر نظریں جمی رہیں گی

More posts