سیالکوٹ سے باغی ٹی وی کے بیوروچیف شاہدریاض کی خصوصی رپورٹ :شہر میں غیر قانونی بڑے سائن بورڈز کو چھوٹ، غریب دکانداروں پر قانون کا کاری وار
سیالکوٹ کی سڑکوں پر قانون کا عجیب کھیل جاری ہے۔ ایک طرف ضلعی انتظامیہ غیر قانونی تجاوزات کے نام پر غریب دکانداروں کے روزگار پر بلڈوزر چلا رہی ہے، تو دوسری طرف شہر کی شاہراہوں اور چوراہوں پر ٹنوں وزنی غیر قانونی سائن بورڈز کو کھلی چھوٹ مل رہی ہے۔ انتظامیہ ان کے سامنے خاموش تماشائی بنی کھڑی ہے، جبکہ چھوٹے کاروباریوں کے خلاف ایف آئی آرز اور حوالات کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گزشتہ ماہ صاف ستھرے پنجاب کے وژن کے تحت غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے احکامات جاری کیے تھے۔ صوبے بھر میں ضلعی انتظامیہ نے فوری عمل شروع کیا، دکانیں گرائیں، اور غریب دکانداروں کو قانون کے شکنجے میں جکڑ دیا۔ لیکن سیالکوٹ میں یہ احکامات جیسے ہوا میں اڑ گئے۔ یہاں مین روڈز پر غیر قانونی سائن بورڈز نہ صرف جگہ گھیرے کھڑے ہیں بلکہ انتظامیہ کی خاموشی سے انہیں گویا تحفظ کا سرٹیفکیٹ بھی مل چکا ہے۔

شہری حیران ہیں کہ جب تجاوزات کے خلاف کارروائی کی بات آتی ہے تو غریب دکاندار ہی کیوں نشانے پر؟ بڑے بڑے سائن بورڈز، جو خود غیر قانونی ہیں، انہیں ہاتھ لگانے کی جرأت انتظامیہ کیوں نہیں کرتی؟ کیا قانون کی طاقت صرف کمزوروں کے لیے ہے؟ شہر کے لوگ سوال اٹھا رہے ہیں کہ اگر صفائی کا دعویٰ سچا ہے تو یہ دوہرا معیار کیوں؟ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ کیا وزیراعلیٰ کے احکامات کبھی ان سائن بورڈز تک پہنچیں گے یا یہ شہر قانون کے اس کھیل میں یونہی تقسیم رہے گا۔

