Baaghi TV

نیٹو کے لیے جتنا میں نے کام کیا، کسی صدر نے نہیں کیا: ٹرمپ


امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ نیٹو فوجی اتحاد کے لیے جتنا کام انہوں نے کیا ہے، کسی اور صدر یا رہنما نے نہیں کیا۔
‎سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ اگر وہ اقتدار میں نہ آتے تو آج نیٹو کا وجود ہی نہ ہوتا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیٹو تاریخ کے کوڑے دان میں جا چکا ہوتا، یہ بات افسوسناک ضرور ہے مگر حقیقت یہی ہے۔
‎ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب انہوں نے عندیہ دیا تھا کہ اگر اتحادی ممالک گرین لینڈ سے متعلق ان کے منصوبے کی مخالفت کریں گے تو ان پر ٹیرف عائد کیے جا سکتے ہیں۔
‎اس سے قبل بھی صدر ٹرمپ متعدد بار یہ مؤقف دہرا چکے ہیں کہ نیٹو کے لیے سب سے زیادہ خدمات انہوں نے انجام دی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ تر لوگ اس بات کی تصدیق کریں گے، حتیٰ کہ نیٹو کے سیکریٹری جنرل سے بھی اس بارے میں پوچھا جا سکتا ہے۔
‎صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا نیٹو پر بھاری اخراجات برداشت کرتا ہے اور انہیں یقین ہے کہ امریکا ضرورت پڑنے پر نیٹو ممالک کی مدد کرے گا، تاہم انہوں نے اس بات پر شکوک کا اظہار کیا کہ آیا نیٹو بھی اسی طرح امریکا کے ساتھ کھڑا ہوگا یا نہیں۔

More posts