اوچ شریف (باغی ٹی وی، نامہ نگار حبیب خان)اوچ شریف شہر اور اس کے گردونواح میں موسمِ سرما کی پہلی بارش نے دستک دے دی، جس کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہلکی سے درمیانی بارش کے باعث فضا میں خنکی بڑھ گئی جبکہ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم کو مزید سرد بنا دیا۔
بارش کے بعد شہریوں نے گرم ملبوسات کا استعمال شروع کر دیا ہے، جبکہ صبح اور شام کے اوقات میں سردی زیادہ محسوس کی جا رہی ہے۔ بارش سے جہاں موسم خوشگوار ہو گیا، وہیں روزمرہ معمولات بھی جزوی طور پر متاثر ہوئے، سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی روانی سست رہی۔
کسانوں کے مطابق یہ بارش فصلوں، خصوصاً گندم اور سبزیات کے لیے نہایت فائدہ مند ثابت ہوگی، جس سے زمین میں نمی بڑھے گی اور بہتر پیداوار کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
شہریوں نے موسم کی اس خوشگوار تبدیلی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد بارش نے فضا کو صاف اور ماحول کو خوشگوار بنا دیا ہے۔
