Baaghi TV

زکوٰۃ کی کٹوتی کا نصاب جاری، بینک اکاؤنٹس سے کتنی رقم پر زکوٰۃ کٹے گی؟

‎وفاقی حکومت نے سال 2026 کے لیے زکوٰۃ کی لازمی کٹوتی کا نصاب جاری کر دیا ہے، جس کے تحت بینک اکاؤنٹس میں مخصوص حد سے زائد رقم رکھنے والوں سے زکوٰۃ منہا کی جائے گی۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
‎تفصیلات کے مطابق رواں سال کے لیے زکوٰۃ نصاب 503,529 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جن صارفین کے سیونگز اکاؤنٹس میں اس رقم یا اس سے زیادہ بیلنس موجود ہوگا، ان کے اکاؤنٹس سے زکوٰۃ کی کٹوتی کی جائے گی، بشرطیکہ انہوں نے زکوٰۃ خود ادا کرنے کا ڈیکلریشن جمع نہ کرایا ہو۔
‎نوٹیفکیشن کے مطابق بینک یکم رمضان کو معمول کی پبلک ڈیلنگ کے بجائے زکوٰۃ کٹوتی کا عمل انجام دیں گے۔ متوقع طور پر رمضان المبارک کا آغاز 19 فروری 2026 کو ہوگا، جس دن متعلقہ اکاؤنٹس سے زکوٰۃ منہا کی جائے گی۔
‎حکومت کی ہدایات کے تحت زکوٰۃ صرف سیونگز اکاؤنٹس، منافع و نقصان میں شراکت (Profit and Loss Sharing) اکاؤنٹس اور اسی نوعیت کی جمع شدہ رقوم پر لاگو ہوگی، جبکہ کرنٹ اکاؤنٹس اس کٹوتی سے مستثنیٰ رہیں گے۔
‎بینکوں اور مالیاتی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جمع کی گئی زکوٰۃ فوری طور پر سینٹرل زکوٰۃ اکاؤنٹ میں منتقل کی جائے اور مکمل تفصیلات کے ساتھ سرکاری رپورٹس جمع کرائی جائیں تاکہ شفافیت اور ریکارڈ کی درستگی یقینی بنائی جا سکے۔
‎دوسری جانب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ماہِ رمضان کے دوران بینکوں کے اوقاتِ کار میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ نئے اوقات کے مطابق پیر سے جمعرات بینک صبح 8 بجے سے دوپہر 1:45 تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعے کے روز بینک صبح 8 بجے سے دوپہر 12:30 تک کام کریں گے تاکہ نمازِ جمعہ کے لیے وقفہ دیا جا سکے۔

More posts