خونی رشتوں کی بے رحمی حسد کی آگ نے بستا گھر اجاڑ دیا تائی نہیں قصائی نے معصوم نومولود کو زندہ کنویں میں پھینک کر ممتا کا کلیجہ چھلنی کر دیا
کینٹ خلیل میں کہرام گیارہ روزہ بچے کے بہیمانہ قتل کا ڈراپ سین اپنوں کے روپ میں چھپے بھیڑیے بے نقاب ڈرامہ رچانے والی سفاک قاتلہ گرفتار
گوجرخان (قمرشہزاد) تھانہ جاتلی کے علاقے کینٹ خلیل میں انسانیت سوز واقعہ نے پورے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔ حسد اور نفرت کی آگ میں اندھی ہونے والی سگی تائی نے ممتا کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے اپنے ہی گیارہ دن کے معصوم بھتیجے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
تفصیلات کے مطابق کینٹ خلیل میں پیش آنے والے اس لرزہ خیز قتل کیس کا ڈراپ سین اس وقت ہوا جب پولیس کی پیشہ ورانہ تحقیقات نے قاتلہ کا نقاب الٹ دیا۔ ملزمہ نے محض حسد کی بنیاد پر اس ننھے پھول کو اغوا کیا اور بے رحمی سے کنویں میں پھینک دیا جس سے معصوم بچہ دم توڑ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ جاتلی جمال نواز نے اپنی ٹیم کے ہمراہ برق رفتار کارروائی کی اور جدید سائنسی خطوط پر تفتیش کرتے ہوئے ملزمہ کو دھر لیا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، تاہم مزید حقائق جاننے کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔ علاقے میں اس بہیمانہ قتل پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ شہریوں نے قاتلہ کو نشانِ عبرت بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ پولیس کی بروقت کارروائی اور ملزمہ کی گرفتاری پر اہل علاقہ نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایچ او جمال نواز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ معصوم بچے کی لاش ملنے پر گھر میں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔
