ملک کے مختلف حصوں میں وقفے وقفے سے جاری بارشوں نے جہاں موسم خوشگوار بنا دیا ہے وہیں خیبر پختونخوا میں تباہی بھی مچادی ہے، جہاں مختلف حادثات میں 17 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
رپورٹس کے مطابق سوات، بنوں، ہنگو، نوشہرہ، ٹانک، باجوڑ، کرک، پاراچنار، ملاکنڈ سمیت شمالی و جنوبی وزیرستان میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔ مسلسل بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں مکانات کو نقصان پہنچا اور حادثات پیش آئے۔
ایبٹ آباد میں ایک افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک مکان کی چھت گر گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ ایک خاتون شدید زخمی ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 بچیاں بھی شامل ہیں، جس نے واقعے کو مزید دلخراش بنا دیا۔
پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق 25 مارچ سے جاری بارشوں کے دوران مختلف اضلاع میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے سے مجموعی طور پر 17 افراد جاں بحق جبکہ 56 افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد میں 14 بچے، ایک مرد اور 2 خواتین شامل ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بارشوں کے باعث کم از کم 11 مکانات کو نقصان پہنچا جبکہ زیادہ تر حادثات بنوں اور شمالی وزیرستان میں رپورٹ ہوئے۔
محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں منگل تک مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع جن میں سرگودھا، بھکر، لودھراں، وہاڑی، چنیوٹ، حافظ آباد اور بہاولپور شامل ہیں، وہاں بھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں سے 17 افراد جاں بحق
