کراچی کے مصروف ترین تجارتی مرکز ہاشو سینٹر میں فائر سیفٹی انتظامات نہ ہونے پر ضلعی انتظامیہ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 200 دکانوں کو سیل کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر اور مختار کار نے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ہاشو سینٹر پر چھاپہ مارا اور مارکیٹ میں حفاظتی انتظامات کا جائزہ لیا۔
حکام کے مطابق مارکیٹ کے اندر آگ سے بچاؤ کے لیے کوئی مناسب انتظام موجود نہیں تھا، جبکہ دکانوں اور فلور پر گیس سلنڈرز، تھنر اور دیگر آتش گیر مواد بھی رکھا گیا تھا جو کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتا تھا۔
یہ بھی بتایا گیا کہ اس مارکیٹ کو اس سے قبل 3 فروری کو بھی سیل کیا گیا تھا، تاہم انتظامیہ کو نوٹس جاری کرنے کے بعد سات دن کی مہلت دی گئی تھی تاکہ فائر سیفٹی کے اقدامات مکمل کیے جا سکیں۔
باوجود اس کے کہ دوبارہ نوٹس جاری کیے گئے، دکانداروں اور مارکیٹ انتظامیہ نے مطلوبہ حفاظتی اقدامات نہیں کیے، جس کے بعد کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ضلعی انتظامیہ اور پولیس کا کہنا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور جب تک تمام فائر سیفٹی تقاضے پورے نہیں کیے جاتے، مارکیٹ کو ڈی سیل نہیں کیا جائے گا۔
فائر سیفٹی نہ ہونے پر ہاشو سینٹر کی 200 دکانیں سیل
